![]() |
Surah_al_humazah_asaan_urdu_tafseer |
ہم نے سورۃ الھمزہ کی تلاوت کی ہے۔ اب انشاءاللہ ہم سورۃ الھمزہ کی آسان اردو تفسیر پڑھیں گے
سورۃ الھمزہ 104 ۔ تفسیر (آیت بہ آیت)
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
آیت نمبر 1
وَيۡلٌ لِّـكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةِ ۞
ترجمہ:
خرابی ہے ہر طعنہ دینے والے عیب چننے والے کی
آسان اردو تفسیر:
بڑی خرابی ہے ہر ایسے شخص کے لئے جو پس پشت عیب نکالنے الا ہو اور رو در رو طعنہ دینے والا ہو جو بہت حرص کی وجہ سے مال جمع کرتا ہو اور اس کی محبت اور اس پر فخر کے سبب اس کو بار بار گنتا ہو اس کے برتاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ گویا وہ خیال کر رہا ہے کہ اس کا مال اس کے پاس سدا رہے گا یعنی مال کی محبت میں اتنی دلچسپی رکھتا ہو جیسے وہ اس کا معتقد ہے کہ وہ خود بھی ہمیشہ زندہ رہےگا اور اس کا مال بھی ہمیشہ یوں ہی رہے گا۔ حالانکہ یہ مال اس کے پاس ہرگز نہیں رہے گا، آگے اس ویل یعنی خرابی کی تفصیل ہے کہ والله وہ شخص ایسی آگ میں ڈالا جائے گا جس میں جو کچھ پڑے وہ اس کو توڑ پھوڑ دے، اور آپ کو کچھ معلوم ہے کہ وہ توڑنے پھوڑنے والی آگ کیسی ہے وہ الله کی آگ ہے جو الله کے حکم سے سلگائی گئی ہے آگ کی نسبت الله تعالیٰ کی طرف کرنیں اس آگ کے سخت اور ہولناک ہونے کی طرف اشارہ ہے اور وہ ایسی ہے جو بدن کو لگتے ہی دلوں تک جا پہنچے گی وہ آگ ان پر بند کردی جائے گی اس طرح سے کہ وہ لوگ آگ کے بڑے لمبے لمبے ستونوں میں گھرے ہوئے ہوں گے۔ جیسے کسی کو آگ کے صندوقوں میں بند کردیا جائے۔
اس سورت میں تین سخت گناہوں پر عذاب شدید کی وعید اور پھر اس عذاب کی شدت کا بیان ہے وہ تین گناہ یہ ہیں ہمز، لمز، جمع مال، ہمز اور لمز چند معانی کے لئے استعمال ہوتے ہیں، اکثر مفسرین نے جس کو اختیار کیا ہے وہ یہ ہے کہ ہمز کے معنی غیبت یعنی کسی کے پیٹھ پیچھے اس کے عیوب کا تذکرہ کرنا ہے اور لمز کے معنے آمنا سامنے کسی کو طعنہ دینے اور برا کہنے کے ہیں، یہ دونوں ہی چیزیں سخت گناہ ہیں۔ غیبت کی وعیدیں قرآن و حدیث میں زیادہ ہیں جس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ اس گناہ کے اشتعال میں کوئی رکاوٹ سامنے نہیں ہوتی جو اس میں مشغول ہو تو بڑھتا چڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ اس لئے گناہ بڑے سے بڑا اور زیادہ سے زیادہ ہوتا جاتا ہے۔ بخلاف آمنا سامنے کہنے کے کہ وہاں دوسرا بھی مدافعت کے لئے تیار ہوتا ہے اس لئے گناہ میں امتداد نہیں ہوتا، اس کے علاوہ کسی کے پیچھے اس کے عیوب کا تذکرہ اس لئے بھی بڑا ظلم ہے کہ اس کو خبر بھی نہیں کہ مجھ پر کیا الزام لگایا جا رہا ہے کہ اپنی تلافی پیش کرسکے۔
اور ایک حیثیت سے لمز زیادہ شدید ہے، کسی کے روبرو اس کو برا کہنا اس کی توہین و تذلیل بھی ہے، اور اس کی ایذا بھی اشد ہے۔ اسی اعتبار سے اس کا عذاب بھی اشد ہے۔ حدیث میں رسول الله ﷺ نے فرمایا شرار عباد الله تعالیٰ المشاءون بالتمیمة المفرقون بین الاحبة الباعون البرآء العنت یعنی الله کے بندوں میں بدترین وہ لوگ ہیں جو چغلخوری کرتے ہیں اور دوستوں کے درمیان فساد ڈلواتے ہیں اور بےگناہ لوگوں کے عیب تلاش کرتے رہتے ہیں۔
آیت نمبر 2
اۨلَّذِىۡ جَمَعَ مَالًا وَّعَدَّدَهٗ ۞
ترجمہ:
جس نے سمیٹا مال اور گن گن کر رکھا
آسان اردو تفسیر:
تیسری خصلت جس پر عذاب کی وعید اس سورت میں آئی ہے وہ مال کی حرص اور محبت ہے اسی کو آیت میں اس طرح سے تعبیر کیا ہے کہ حرص و محبت مال کی وجہ سے اس کو بار بار گنتا رہتا ہے چونکہ دوسری آیات و روایات اس پر شاید ہیں کہ مطلقاً مال کا جمع رکھنا کوئی حرام و گناہ نہیں اس لئے یہاں بھی مراد وہ جمع کرنا ہے جس میں حقوق واجبہ ادا نہ کئے گئے ہوں یا فخر و تفاخر مقصود ہو یا اس کی محبت میں منہمک ہو کر دین کی ضروریات سے غفلت ہو۔
آیت 3: يَحْسَبُ أَنَّ مَالَهُ أَخْلَدَهُ
ترجمہ: وہ سمجھتا ہے کہ اس کا مال اسے ہمیشہ زندہ رکھے گا۔
آسان اردو تفسیر:
یہ آیت انسان کے ایک بڑے دھوکے کو بیان کرتی ہے کہ وہ مال کی کثرت کو اپنی بقا سمجھتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مال موت کو نہیں روک سکتا، اور نہ ہی قبر میں ساتھ جا سکتا ہے۔
آیت 4: كَلَّا ۖ لَيُنبَذَنَّ فِي الْحُطَمَةِ
ترجمہ: ہرگز نہیں! وہ ضرور پھینک دیا جائے گا حُطَمَہ میں۔
آسان اردو تفسیر:
"حُطَمَہ" جہنم کے ایک درجہ کا نام ہے۔
"حُطَمَہ" کا مطلب ہے: "کچل دینے والی آگ"۔
مفسرین کے مطابق یہ جہنم کی وہ آگ ہے جو سب کچھ توڑ کر ریزہ ریزہ کر دیتی ہے۔ اور دلوں تک پہنچ جاتی ہے۔
بعض علماء (تفسیر قرطبی) کے مطابق یہ جہنم کا چھٹا درجہ ہے۔
آیت 5: وَمَا أَدْرَاكَ مَا الْحُطَمَةُ
ترجمہ: اور تمہیں کیا معلوم کہ حُطَمَہ کیا ہے؟
آسان اردو تفسیر:
یہ انداز قرآن میں اس وقت آتا ہے جب کسی چیز کی ہولناکی اور شدت کو بیان کرنا ہو۔ گویا اللہ تعالیٰ فرما رہا ہے کہ حُطَمَہ کی حقیقت وہ ہے جسے تم اپنی عقل سے سمجھ ہی نہیں سکتے۔
آیت 6: نَارُ اللَّهِ الْمُوقَدَةُ
ترجمہ: وہ اللہ کی بھڑکائی ہوئی آگ ہے۔
آسان اردو تفسیر:
یہ آگ کوئی عام آگ نہیں، بلکہ اللہ کی بھڑکائی ہوئی وہ آگ ہے جو ہمیشہ جلتی رہے گی۔ دنیا کی آگ اور جہنم کی آگ میں فرق یہ ہے کہ جہنم کی آگ دنیا کی آگ سے 70 گنا زیادہ شدید ہے (حدیث: ترمذی)۔
آیت 7: الَّتِي تَطَّلِعُ عَلَى الْأَفْئِدَةِ
ترجمہ: جو دلوں تک جا پہنچتی ہے۔
آسان اردو تفسیر:
تطلع علی الافدة یعنی یہ جہنم کی آگ دلوں تک پہنچ جائے گی۔ یوں تو ہر آگ کا خاصہ یہی ہے کہ جو چیز اس میں پڑے اس کے سبھی اجزاء کو جلا دیتی ہے انسان اس میں ڈالا جائے گا تو اس کے سارے اعضاء کے ساتھ دل بھی جل جائے گا، یہاں جہنم کی آگ کی یہ خصوصیت اس لئے ذکر کی گئی کہ دنیا کی آگ جب انسان کے بدن کو لگتی ہے تو اس کے دل تک پہنچنے سے پہلے ہی موت واقع ہو جاتی ہے بخلاف جہنم کے کہ اس میں موت تو آتی نہیں تو دل تک آگ کا پہنچنا بحالت حیات ہوتا ہے اور دل کے جلنے کی اذیت اپنی زندگی میں انسان محسوس کرتا ہے۔
آیت 8: إِنَّهَا عَلَيْهِم مُّؤْصَدَةٌ
ترجمہ: بے شک وہ آگ ان پر بند کر دی جائے گی۔
آسان اردو تفسیر:
یہاں بتایا گیا ہے کہ جہنم کے دروازے ان مجرموں پر بند کر دیے جائیں گے، جیسے قیدیوں کو لوہے کے پنجروں میں قید کر دیا جاتا ہے۔ نہ وہاں سے نکلنے کا راستہ ہوگا، نہ موت آئے گی۔
آیت 9: فِي عَمَدٍ مُّمَدَّدَةٍ
ترجمہ: بڑے بڑے ستونوں میں جکڑ دیے جائیں گے۔
آسان اردو تفسیر:
"عَمَد" کا مطلب ہے ستون یا کھمبے۔
جہنمیوں کو آگ کی زنجیروں اور ستونوں سے باندھ دیا جائے گا ۔
اللہ تبارک و تعالی معاف فرمائے کہ اس سے جہنمی ہمیشہ دائمی عذاب میں جکڑے رہیں گے اور ان کی مدد اور حمایت کرنے والا کوئی نہ ہوگا۔ کیونکہ ابلیس شیطان، یہ مردود تو ہر کسی کو محشر سے پہلے ہی چھوڑ چکا ہوگا۔ اور جہنمی ہمیشہ کے لیے بے بس ہو جائے گا۔ اللّٰہ معاف فرمائے مجھے اور میرے اہل عوام اور اہل و عیال کو۔
🔥 "حُطَمَہ" جہنم کے بارے میں تفصیل
جہنم کے سات درجے ہیں:
جَہَنَّم
لَظٰی
حُطَمَہ
سَعِیْر
سَقَر
جَحِیْم
ہَاوِیَہ
"حُطَمَہ" ان میں سے تیسرا درجہ ہے (بعض کے نزدیک چھٹا درجہ کہا گیا ہے)۔
یہ جہنم کا وہ حصہ ہے جو انسان کو کچل دیتا ہے اور اس کی ہڈیوں اور دل تک کو جلا ڈالتا ہے۔ اور ہمیشہ کے لیے درد میں ڈوبا رہے گا۔
اس میں وہ لوگ ڈالے جائیں گے جو دوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں، طعن و تشنیع کرتے ہیں، اور مال پر غرور کرتے ہیں۔
💖 دعا
اے اللہ! ہمیں جہنم کے ہر درجے سے محفوظ فرما، ہماری
زبان کو پاکیزگی دے، ہمارے دلوں کو غرور اور تکبر سے صاف کر، اور ہمیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرما۔ آمین یا رب العالمین۔
اگر آپ سورۃ الھمزہ کو عربی انگلش اور اردو میں پڑھنا چاہتے ہیں، تو آپ یہاں ملاحظہ فرمائیں
https://www.measmomin.com/surah-al-humazah-in-arabic-urdu-english.html
سورۃ الجمعہ کی تلاوت یہاں ملاحظہ فرمائیں۔
https://youtu.be/_D1lDpN-ZaM?si=5udU5O7iN2pL0SPc
سورۃ الھمزہ کی تلاوت یہاں ملاحظہ فرمائیں
https://youtu.be/vojQWcdkXAk
سورۃ التغابن کی تلاوت یہاں ملاحظہ فرمائیں
https://youtu.be/GyX3f-zLdRM?si=qC0SjoVHgcKmqSgS
مکمل پلے لسٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں۔
https://youtube.com/playlist?list=PLKMRiwC9Oz5deMIUjuy1F7VG3O7eik2fi&si=gJt5dT2JSCu8fmOF