سورۃ القارعہ آسان اردو تفسیر

0


surah_al_qari'ah_asaan_urdu_tafseer_meas_momin
Surah Al-Qari'ah Asan Urdu Tafseer 


اب آپ سورۃ القارعہ قرآن کی سورۃ نمبر 101 کی آسان اردو تفسیر کو ملاحظہ فرمائیں۔


سورۃ نمبر 101 القارعة


أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ


آیت نمبر 1


اَلۡقَارِعَةُ ۞ 


لفظی ترجمہ:

اَلْقَارِعَۃُ: دہلا دینے والی


اردو ترجمہ:

وہ کھڑ کھڑا ڈالنے والی


آسان اردو تفسیر:

وہ کھڑ کھڑانے والی، چیز کیسی ہے وہ کھڑکھڑانے والی چیز اور آپ کو کچھ معلوم ہے کیسی کچھ ہی وہ کھڑکھڑانے والی چیز (مراد قیامت ہے جو دلوں کو گھبراہٹ سے اور انوں کو سخت آوازوں سے کھڑکھڑائے گی اور یہ اس روز ہوگا) جس روز آدمی پریشان پروانوں کی طرح ہوجاویں گے (پروانوں سے تشبیہ چند چیزوں کی وجہ سے دی گئی، ایک کثرت سے ہونا کہ سارے اولین و آخرین انسان ایک میدان میں جمع ہوجاویں گے، دوسرے کمزور ہونا کہ سب انسان اس وقت کمزوری میں پروانے جیسے ضعیف و عاجز ہوں گے یہ دونوں وصف تو تمام اہل محشر انسانوں میں عام ہوں گے، تیسرے بیتاب اور بےچین ادھر ادھر پھرنا جو پروانوں میں مشاہدہ کیا جاتا ہے یہ صورت خاص مومنین میں نہیں ہوگی وہ اپنی قبروں سے مطمئن اٹھیں گے) اور پہاڑ دھنکی ہوئی رنگین اون کی طرح ہوجاویں گے (عہن رنگین اون کو کہا جاتا ہے، پہاڑوں کے رنگ چونکہ مختلف ہیں وہ سب اڑتے پھریں گے جن کی مثال اس اون کی ہوگی جس میں مختلف رنگ کے بال ملے ہوئے ہوں اس روز اعمال انسانی تولے جائینگے) پھر جس شخص کا پلہ (ایمان کا) بھاری ہوگا (یعنی جو مومن ہوگا) وہ تو خاصر خواہ آرام میں ہوگا (یعنی نجات پاکر جنت میں جائے گا) اور جس شخص کا پلہ (ایمان کا) ہلکا ہوگا (یعنی کافر) اس کا ٹھکانا ہاویہ ہوگا اور آپ کو کچھ معلوم ہے کہ وہ (2 اویہ) کیا چیز ہے (وہ) ایک دہکتی ہوئی آگ ہے۔

اس سورت میں اعمال کے وزن ہونے اور ان کے ہلکے بھاری ہونے پر دوزخ یا جنت ملنے کا ذکر ہے۔ وزن اعمال کی پوری تحقیق اور شبہات کا جواب سورة اعراف میں کریں گے انشاءاللہ ۔ روایات حدیث اور آیات کی تطبیق سے معلوم ہوتا ہے کہ وزن اعمال غالباً دو مرتبہ ہوگا، ایک مرتبہ کے وزن سے مومن اور کافر کا امتیاز کردیا جائے گا ہر مومن کا پلہ بھاری اور کافر کا ہلکا رہے گا، پھر مؤمنین میں اعمال حسنہ اور سیسہ کا امتیاز کرنے کے لئے دوسرا وزن ہوگا، اس سورت میں بظاہر وہ پہلا وزن مراد ہے جس میں ہر مومن کا پلہ ایمان کی وجہ سے بھاری رہے گا خواہ اس کا عمل کیسا بھی ہو اور کافر کا پلہ ایمان نہ ہونے کے سبب ہلکا رہے گا خواہ اس نے کچھ نیک کام بھی کئے ہوں۔ تفسیر مظہری میں ہے کہ قرآن کریم میں عام طور پر جزا و سزا میں تقابل کفار کا مؤمنین صالحین کیساتھ کیا گیا کہ اصلی مؤمنین کاملین وہی ہیں، باقی رہے وہ مومنین جنہوں نے اعمال صالحہ اور سیسہ مخلوط کئے ہیں قرآن میں عام طور پر ان سے سکوت کیا گیا اور ان سب آیات میں یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے قیامت میں انسانوں کے اعمال تو لے جائیں گے گنے نہیں جائیں گے اور عمل کا وزن بقدر اخلاص اور مطابقت سنت کے بڑھتا ہے جس شخص کے عمل میں اخلاص بھی کامل ہو اور سنت کی مطابقت بھی مکمل ہو اگرچہ اس کے عمل تعداد میں کم ہوں اس کا وزن بہ نسبت اس شخص کے بڑھ جائے گا جس نے تعداد میں تو نماز روزے، صدقہ خیرات، حج عمرے بہت کئے مگر اخلاص میں کمی رہی یا سنت کی مطابقت میں کمی رہی۔ واللہ اعلم


آیت نمبر 2


مَا الۡقَارِعَةُ‌ ۞ 


لفظی ترجمہ:

مَا: کیا | الْقَارِعَۃُ: دہلانے والی


اردو ترجمہ:

کیا ہے وہ کھڑ کھڑا ڈالنے والی


آیت نمبر 3


وَمَاۤ اَدۡرٰٮكَ مَا الۡقَارِعَةُ ۞ 


لفظی ترجمہ:

وَ: اور | مَاۤ: کیا | اَدْرٰىكَ: جاناتونے | مَا: کیا | الْقَارِعَۃُ: دہلانے والی


اردو ترجمہ:

اور تو کیا سمجھا کیا ہے وہ کھڑ کھڑا ڈالنے والی


آیت نمبر 4


يَوۡمَ يَكُوۡنُ النَّاسُ كَالۡفَرَاشِ الۡمَبۡثُوۡثِۙ‏ ۞ 


لفظی ترجمہ:

یَوْمَ: اس دن | یَکُوْنُ: ہوںگے | النَّاسُ: انسان | کَ: جیسے | الْفَرَاشِ: پروانے | الْمَبْثُوْثِ: پھیلے ہوئے


اردو ترجمہ:

جس دن ہو ویں لوگ جیسے پتنگے بکھرے ہوئے


آیت نمبر 5


وَتَكُوۡنُ الۡجِبَالُ كَالۡعِهۡنِ الۡمَنۡفُوۡشِؕ ۞ 


لفظی ترجمہ:

وَ: اور | تَکُوْنُ: ہوںگے | الْجِبَالُ: پہاڑ | كَ: جیسٍے | الْعِھْنِ: اون | الْمَنْفُوْشِ: دھنی ہوئی


اردو ترجمہ:

اور ہو ویں پہاڑ جیسے رنگی ہوئی اون ڈھنی ہوئی


آیت نمبر 6


فَاَمَّا مَنۡ ثَقُلَتۡ مَوَازِيۡنُهٗ ۞ 


لفظی ترجمہ:

فَ: پھر | اَمَّا: وہ کہ | مَنْ: جو | ثَقُلَتْ: بھاری ہوئے | مَوَازِیْنُ: وزن | ہٗ: اس کے


اردو ترجمہ:

سو جس کی بھاری ہوئی تولیں


آیت نمبر 7


فَهُوَ فِىۡ عِيۡشَةٍ رَّاضِيَةٍ ۞ 


لفظی ترجمہ:

فَ: تو | ھُـوَ: وہی | فِیْ: میں | عِیْشَۃٍ: عیش | رَّاضِیَۃٍ: مرضی کا


اردو ترجمہ:

تو وہ رہے گا من مانتے گزران میں


آیت نمبر 8


وَاَمَّا مَنۡ خَفَّتۡ مَوَازِيۡنُهٗ ۞ 


لفظی ترجمہ:

وَ: اور | اَمَّا: پھر | مَنْ: جو | خَفَّتْ: ہلکے ہوئے | مَوَازِیْنُ: وزن | ہٗ: اس کے


اردو ترجمہ:

اور جس کی ہلکی ہوئیں تولیں


آیت نمبر 9


فَاُمُّهٗ هَاوِيَةٌ ۞ 


لفظی ترجمہ:

فَ: تو | اُمُّ: ٹھکانہ | ہٗ: اس کا | ھَاوِیَـۃٌ: ہاویہ


اردو ترجمہ:

تو اس کا ٹھکانا گڑھا ہے


آیت نمبر 10


وَمَاۤ اَدۡرٰٮكَ مَا هِيَهۡ ۞ 


لفظی ترجمہ:

وَ: اور | مَاۤ: کیا | اَدْرٰی: جانا | كَ: تونے | مَا: کیا | ھِیَہْ: وہ


اردو ترجمہ:

اور تو کیا سمجھا وہ کیا ہے


آیت نمبر 11


نَارٌ حَامِيَةٌ  ۞ 


لفظی ترجمہ:

نَارٌ: آگ | حَامِیَۃٌ: دہکتی ہوئی


اردو ترجمہ:

آگ ہے دہکتی ہوئی۔  ؏


آپ سورۃ القارعہ کو عربی انگلش اور اردو بمع اردو لفظی ترجمہ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔
https://www.measmomin.com/surah-al-qariah-arabic-english-urdu-text.html



آپ سورۃ التکاثر کو عربی انگلش اور اردو بمع اردو لفظی ترجمہ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔
https://www.measmomin.com/surah-at-takathur-arabic-english-text.html


آپ سورۃ التکاثر کی تفسیر کو آسان اردو میں یہاں پڑھ سکتے ہیں۔
https://www.measmomin.com/surah-at-takathur-asaan-urdu-tafseer.html



ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)